کوہلو : مسلح افراد کے ہاتھوں صحافی اغواء

219

کوہلو سے نامعلوم مسلح افراد نے ایک صحافی کو اغواء کرلیا ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے کوہلو پریس کلب کے صدر زیب دار مری کو اغواء کرلیا ۔

کوئٹہ پریس کلب کے صحافی عبداللہ بلوچ نے کہا کہ زیب دار مری کو انتخابات کی کوریج کرنے کے دوران لاپتہ کیا گیا ۔

جبکہ دوسری جانب پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر افضل بٹ سکرٹری جنرل ایوب جان سرہندی  نے کوہلو پریس کلب کے صدر زیب دار مری کی لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ۔

انہوں نے  بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں صحافیوں کو ملنے والی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو انتخابات کے حوالے سے من پسند رپورٹنگ کے لئے دباؤ کا سامنا ہے اور ایسا نہ کرنے والے صحافیوں کو دھمکانے کا سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے۔ پی ایف یو جے سمجھتی ہے کہ آزادانہ رپورٹنگ پر پابندی سے آزادانہ اور منصفانہ انتخاب کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

کوہلو پریس کلب کے صدر زیب دار مری کے اچانک غائب ہونے سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ آزادی صحافت پر قدغن لگانے والوں نے اپنی دھمکیوں پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ پی ایف یو جے کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ زیب دار مری کی بازیابی کے لئے بلوچستان حکومت،خفیہ اداروں اور صوبائی الیکشن کمیشن کو ہدایت جاری کرے۔