فٹبال ورلڈکپ: کروشیا اور فرانس کی دوسری فتح، ارجنٹائن کوشکست

289

فٹبال ورلڈ کپ 2018 میں فرانس نے پیرو اور کروشیا نے ارجنٹائن کو شکست دے کر دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ ڈنمارک اور آسٹریلیا کے درمیان میچ برابر رہا۔

جمعرات کو کھیلے گئے گروپ سی کے پہلے میچ کا آغاز تیزی سے ہوا اور میچ کے 7ویں منٹ میں کرسچن ایرکسن نے گول کر کے ڈنمارک کو برتری دلا دی۔

ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا اور دوسرے ہاف میں انتہائی کوشش کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی جس کے سبب مقابلہ 1-1 پر اختتام پذیر ہوا۔

دن کے دوسرے میچ میں گروپ ’سی‘ میں فرانس نے پیرو کو شکست دے کر لگاتار دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

ایکاٹیرن برگ ارینا میں کھیلے گئے میچ میں فرانس کی ٹیم میچ کی ابتدا سے ہی پیرو پر حاوی رہی اور حریف ٹیم کے گول پر یکے بعد دیگرے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

اس دوران فرانس کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن فنشنگ کی کمی کے سبب وہ گول کرنے میں ناکام رہے تاہم 34ویں منٹ میں ایم باپے نے جمود توڑتے ہوئے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

فرانس کی یہ برتری پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی اور یوں پہلا 1-0 کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

دونوں ٹیموں سے کوئی بھی دوسرے ہاف میں گول اسکور نہ کر سکا اور اس طرح میچ 1-0 سے فرانس کی فتح پر منتج ہوا۔

اس میچ میں شکست کے ساتھ ہی پیرو کی ٹیم ورلڈ کپ کے اگلے راؤنڈ کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے جبکہ فتح کی بدولت فرانس کی ٹیم نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

دن کے تیسرے میچ میں کروشیا نے ارجنٹائن کی ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 3-0 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے۔

ہمیشہ کی طرح ارجنٹائن کا دفاع بالکل بے ضرر نظر آیا اور میچ کے پہلے ہاف میں دفاعی کھلاڑی کی غلطی سے کروشیا کو گول کا نادر موقع ملا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔

دونوں ہی ٹیموں نے پہلے ہاف میں ملنے والے مواقع سے فائدہ نہ اٹھایا جس کے سبب پہلے ہاف کے اختتام تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

دوسرے ہاف کے 8ویں منٹ میں ارجنٹائن کے گول کیپر نے بھیانک غلطی کی اور وہ گیند کو صحیح طریقے سے کک کرنے میں ناکام رہے جس کے نتیجے میں گیند قریب ہی موجود کروشیا کے آنتے ریبک کے پاس گئی اور انہوں نے زوردار شوٹ سے گیند کو گول کی راہ دکھا دی۔