تعلیمی بہتری کے لئے ڈیرہ غازی خان کے طالب علموں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے : سیکریٹری جنرل غنی بلوچ

254

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل غنی بلوچ نے اپنے دورہ ڈیرہ غازی خان زون کے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاترقی یافتہ ممالک کی ترقی کی اہم وجہ تعلیم کو ایک اہم مقام دینا ہے اور ان ممالک کی اولین ترجیح تعلیم ہوتی ہیں کیونکہ تمام اقوام کی ترقی کا راز تعلیم میں پنہاں ہیں اور تعلیم کے بغیر قوموں کی ترقی نا ممکن ہے لیکن بدقسمتی یہ ہےکہ ڈیرہ غازی خان کا علاقہ جو کہ یورینیم جیسے قدرتی وسائل سے مالامال ہوتے ہوئےبھی تعلیم کے میدان میں پسماندگی کا شکار ہے۔

غنی بلوچ نے مزید کہا کہ ایک جانب تعلیمی ادارے نہ ہونے کے برابر ہے اور دوسری جانب جو تعلیمی ادارے موجود ہیں وہ حکومتی عدم توجہی کی وجہ سے دن بدن زبوں حالی کا شکار ہیں اور اس حوالے سے لوگوں میں مایوسی بڑھتی چلی جا رہی ہے۔موجودہ دور حکومت کے دوران تعلیم کے حوالے سے بڑے بڑے دعوے کیے گئے اور یہاں تک کہ بلوچستان میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا اور تعلیمی بجٹ بھی بڑھا کر بیس فیصد کر دیا گیا لیکن اس کے باوجود ڈیرہ غازی خان سمیت بلوچستان بھر میں تعلیم کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ تبدیلی نظر نہیں آ رہی ہے۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ پوری دنیا میں جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے اور ہمارے ہاں پورے ملک میں خصوصا بلوچستان سمیت ان قبائلی علاقوں کوتعلیم کے حوالے سے مختلف چیلنجز کا سامنا ہے حالانکہ اس دور میں ہمیں تعلیم کے حوالے سے مثبت اور ترقی کی باتیں کرنی چائیں لیکن ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہم آج اسکول کی عمارت،پانی،اساتذہ کی کمی اور تعلیمی اداروں کی کمی کا رونا رو رہے ہیں لہذا ہم سب کو مل کر بحیثیت طلباء کے تعلیمی میدان میں واضح تبدیلی لانا ہو گی اور طلباء کے اندر مایوسی کا خاتمہ کرنا ہو گا۔

اجلاس کے آخرمیں سابقہ زونل کابینہ تحلیل کرکے نیا کابینہ تشکیل دی گئی جس میں بلخ شیر بلوچ صدر اور آصف بلوچ جنرل سیکریٹری منتخب ہو گئے۔