جوہری معاہدہ: امریکہ کا ایران کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے پر زور

203

امریکہ نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر اس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے پر زور دیا ہے۔

امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپے او کے ہمراہ مشرق وسطیٰ کا دورہ کرنے والے امریکی حکام کے مطابق امریکہ سعودی عرب کے خلاف حوثی باغیوں کے حالیہ حملے ایرانی خارجہ پالیسی کے خطرے کے طور پر دیکھ رہا ہے۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ یمن میں حوثیوں کی جانب سے گرائے جانے والے میزائل ایران نے فراہم کیے تھے اور علاقائی طاقتوں کو اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

سیکریٹری خارجہ پوم پے او سنیچر کو ریاض پہنچے تھے جہاں انھوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے عشائیے میں شرکت کی تھی اور اتوار کو ان کے والد شاہ سلمان سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اس کے بعد وہ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو سے ملاقات کے لیے اسرائیل اور اردن کے حکام کے ساتھ ملاقات کے لیے عمان بھی جائیں گے۔

اس دورے کا مقصد علاقائی اتحادیوں کو ایران کے خلاف مزید پابندیوں کے لیے قائل کرنا اور صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے مجوزہ خاتمے کی تفصیلات کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔