آسٹریلیا: یہودی تہوار کے دوران فائرنگ، 12 افراد ہلاک، متعدد زخمی

66

آسٹریلیا کے مشہور بونڈی بیچ پر فائرنگ کے ایک واقعے میں 12 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے مشہور بونڈی ساحل پر مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے، جبکہ 29 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ساحل پر یہودی تہوار منانے کے لیے دو ہزار سے زائد افراد جمع تھے۔ فائرنگ کے باعث علاقے میں شدید افراتفری پھیل گئی۔

واقعے کے سات منٹ بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کارروائی کے دوران دو حملہ آوروں میں سے ایک کو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے حملے کو دہشت گردی قرار دیا ہے، جبکہ آسٹریلیا کے وزیراعظم نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جبکہ جوابی فائرنگ کے دوران دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں، جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

متعدد آسٹریلوی اخبارات کے مطابق حملہ آوروں میں سے ایک کی شناخت پاکستانی شہری نوید اکرام کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ مزید کارروائی سڈنی پولیس کی جانب سے جاری ہے۔