چھٹی پر گھر جانے والے بلوچستان ایف سی کے دو اہلکار لکی مروت میں ہلاک

202

بلوچستان میں تعینات فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دو اہلکار گزشتہ دو دنوں کے دوران خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نامعلوم مسلح افراد کے حملوں میں ہلاک ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق لکی مروت ضلع میں ایف سی کا ایک کلرک جو بلوچستان میں تعینات تھا، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔ مذکورہ اہلکار چھٹیوں پر اپنے علاقے گیا تھا۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا، حملے میں ایف سی اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ اس کی اہلیہ شدید زخمی ہوئی، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران راستے میں دم توڑ گئی۔

اس سے دو روز قبل بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا جب بلوچستان میں تعینات ایف سی کا ایک اور اہلکار عطاء اللہ لکی مروت شہر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق عطاء اللہ چھٹی پر اپنے آبائی علاقے آیا ہوا تھا، تاحال ان واقعات کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔