خضدار، انجمن تاجران کے مطابق وڈھ میں پرائیویٹ ملیشیا کے ایماء پر وڈھ میں عوامی رضامندی سے تعینات سیکیورٹی کو پولیس کی سی ٹی ڈی نے اغوا کرنے کی کوشش کی۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں کو عوام نے گھیر کر مزاحمت کی اور مین آر سی ڈی شاہراہ کو بند کر دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وڈھ میں ایف سی اور پولیس تعینات تھے اور ان کی تعیناتی کے دوران وڈھ میں پرائیویٹ ملیشیا کی بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ عروج پر تھی۔ عوامی مطالبے پر وڈھ میں پرائیویٹ سیکیورٹی تشکیل دے دی گئی جس کے بعد وڈھ بازار میں امن ہوگیا اور تاجر برادری محفوظ رہے۔
تاجروں کے مطابق ایک بار پھر ڈیتھ اسکواڈ کے ایما پر وڈھ بازار میں امن امان کو خراب کرنے کےلیے سی ٹی ڈی و ضلعی انتظامیہ عوام کو ڈیتھ اسکواڈ کے قاتلوں کے سامنے نہتا پھینکنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ وڈھ بازار میں عرصہ دراز سے ریاستی حمایت یافتہ ڈیتھ سکواڈ کی آئے روز ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری چوری ڈکیتی اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم سے تنگ وڈھ کے عوام نے کئی بار احتجاج کا راستہ اپنایا لیکن حکومت بجائے عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کے الٹا ہمیشہ ڈیتھ سکواڈ کی پشت پناہی کرتا رہا جس سے تنگ آکر وڈھ کے عوام نے جرائم پیشہ افراد سے اپنا تحفظ خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انکا کہنا تھاکہ سردار اختر مینگل نے عوام اور تاجر برادری کے تحفظ کیلئے اپنے سیکیورٹی گارڈز فراہم کی جس سے کچھ عرصے تک وڈھ کے عوام نے سکھ کا سانس لیا وڈھ شہر خصوصاً بازار ایریا میں عوام کے محافظوں کی موجودگی سے علاقے میں پھر سے امن لوٹنے لگا لیکن وڈھ کے عوام کا یہ چین و سکون، تحفظ اور ڈیتھ اسکواڈ کے غنڈہ راج و بدمعاشی سے کچھ حد تک نجات عوام دشمن قوتوں کو راس نہیں آیا وہ پھر سے وڈھ کے عوام کو اپنے پالے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے حوالے کرنے کو کوششوں میں مصروف ہے تاکہ عوام کے محافظوں کو ہٹا کر پھر سے ڈیتھ اسکواڈ کیلئے علاقہ کلیئر کریں تاکہ وہ ماضی کی طرح وڈھ کے عوام کے جان، مال و عزت پر حملہ آور ہوسکے۔