پشتون رہنماء ایمل ولی کا بلوچ یکجہتی کمیٹی اور ماہ رنگ حوالے بیان پر معذرت

719

بلوچ یکجہتی کمیٹی اور ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے حوالے سے پوڈ کاسٹ میں کہے گئے اپنے غیر منصفانہ الفاظ کے لیے مخلصانہ معذرت خواہ ہوں۔ ایمل ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی اور اس کے بہادر رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے حوالے سے پوڈ کاسٹ میں کہے گئے اپنے غیر منصفانہ الفاظ کے لیے مخلصانہ معذرت خواہ ہوں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے بلوچ دوست اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاکستان میں چیزوں کے بارے میں ہمارے شکوک و شبہات ہمیں کبھی کبھار گمراہ کر دیتے ہیں۔ بلوچوں کی مادر وطن سے محبت ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پشتونوں کو زمین پر بلوچوں سے بہتر اتحادی نہیں مل سکتے۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ اسی طرح کھڑے رہیں گے جس طرح خان عبدالولی خان اور نواب خیر بخش مری نے انتہائی مشکل وقت میں دنیا کو دکھایا تھا۔

انہوں نے کہاکہ میں ایک بدقسمت لمحہ پیدا کرنے پر معذرت خواہ ہوں۔

واضح رہے کہ اے این پی کے سینیٹر ایمل ولی خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی خلائی کارخانہ ہے کوئی عام شخص 20 ہزار لوگوں کو 2 وقت کا کھانا پورا نہیں کر کے دے سکتا، انہوں نے جو کیا وہ آسان کام نہیں ہے شاید لوگوں کی سیمپتی اس لئے ہے کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ انتہائی بڑا ہے، اگر ریاست کسی کو نہ آنے دیں کیا وہ اسلام آباد تک پہنچ سکتے ہیں۔

مذکورہ بیان پر ایمل ولی خان کو شدید تنقید کا سامنا رہا۔

‎ایمل کے بیان پر شهید نواب اکبر خان بگٹی کے صاحبزادے جمیل اکبر بگٹی نے بھی رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ صرف اس لیے کہ آپ نے اپنی روح شیطان کے ہاتھ بیچ دی اور عظیم انسان باچا خان کو شرمندہ کر دیا اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہر کوئی آپ جیسا ہو جو اسی ورکشاپ کی پیداوار ہے جس کے بارے میں وہ اس قدر اتفاق اور فخر سے اپنی آواز اور چہرے پر پیار سے بولتا ہے ۔