جرمن شہر ڈریسڈن میں ایس پی ڈی کے ایک سیاستدان پر حملہ

69

جرمن کی مشرقی ریاست سیکسنی میں ایس پی ڈی کے ایک سیاستدان ایک حملے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ حملے کے وقت وہ یورپی پارلیمان کے الیکشن کے لیے مہم چلا رہے تھے۔

جرمنی کی اتحادی حکومت میں شامل مرکزی سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) کی طرف سے آج ہفتہ چار مئی کو بتایا گیا ہے کہ ملک کی مشرقی ریاست سیکسنی سے اس جماعت کے سرفہرست امیدوار ماتھیاس ایکے ایک حملے میں بُری طرح زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق 41 سالہ ایکے کو جمعہ کی شام ڈریسڈن میں اس وقت حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ یورپی پارلیمان کے جلد ہونے والے انتخابات کی مہم کے لیے پوسٹر لگا رہے تھے۔

ایس پی ڈی کے مطابق ماتھیاس ایکے کو لگنے والے زخموں کے لیے سرجری کی ضرورت ہو گی۔

ریاست سیکسنی میں ایس پی ڈی کے سربراہ ہیننگ ہومان نے جرمن اخبار ‘بِلڈ‘ کو بتایا کہ تین سے چار نامعلوم افراد اچانک سے نمودار ہوئے اور پوسٹر لگانے میں مصروف ٹیم کو گالی گلوچ کا نشانہ بنایا اور پھر ان پر حملہ کر دیا۔

بِلڈ کے مطابق ایکے کی کئی ایک ہڈیاں ٹوٹ گئیں اور وہ بے ہوش ہو گئے۔ ہومان نے اس اخبار کو بتایا کہ ایکے آئندہ ہفتہ ہسپتال میں گزاریں گے۔

پولیس کے مطابق اس حملے سے کچھ دیر قبل ایک اور 28 سالہ شخص پر بھی حملہ کیا گیا جب وہ گرین پارٹی کے پوسٹر لگا رہا تھا۔ یہ شخص بھی حملے میں زخمی ہوا مگر اسے سرجری کی ضرورت نہیں ہے۔

ان دونوں حملوں کے وقت اور لوگوں سے ملنے والی معلومات کے تناظر میں حکام کا خیال ہے ان دونوں واقعات میں وہی حملہ آور ملوث ہیں۔