حکومت سنجیدہ نہیں، اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے دھرنا دینگے۔ ماہ رنگ بلوچ

802

بلوچ نسل کشی اور لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف اسلام آباد میں بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کا بلوچ یکجہتی کمیٹی کی قیادت میں اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سامنے دھرنا جاری ہے-

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماء ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے دھرنا گاہ سے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ کئی روز سے اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سامنے حکام کی توجہ مبذول کرانے کے لئے لواحقین پرامن احتجاج پر موجود ہیں تاہم حکام کی جانب سے غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لواحقین کو ہراساں کرنے اور مختلف ہھتکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔

ماہ رنگ بلوچ نے نگراں وزیر اعظم انور الحق کاکڑ کے گذشتہ دنوں کے گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا وزیر اعظم جو اس ملک کا چیف ایگزیکٹو ہے، کھلے عام پرامن مظاہرین کو دہشت گردوں کے ہمدرد قرار دے کر ہمیں دھمکیاں دینا شروع کر چکے ہیں۔

ماہ رنگ بلوچ نے مزید کہا ہم 20 دسمبر سے اسلام آباد میں ہیں، تمام سرکاری ادارے جبری گمشدگیوں کو روکنے اور بالاچ مولا بخش کے قاتلوں کو گرفتار کرکے سزا دینے میں غیر موثر ثابت ہوئے ہیں، جسے تربت میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کیا گیا تھا۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی رہنماء نے کہا ہے کہ موثر متبادل کے بغیر، اقوام متحدہ جیسے بین الاقوامی اداروں کی طرف رجوع کرنا اب ہمارا واحد آپشن دکھائی دیتا ہے اور ہمیں کوئی بھی اسلام آباد میں اقوام متحدہ دفتر کے سامنے احتجاج سے نہیں روک سکتا-