دنیا بھر کے ماحولیاتی کارکن ماہ رنگ اور دیگر بلوچ مظاہرین کیساتھ کھڑے ہیں –  گریٹا تھنبرگ

821

عالمی ماحولیاتی ایکٹویسٹ گریٹا تھنبرگ نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل “ایکس” پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے اسلام آباد میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے لانگ مارچ کے شرکاء پر پولیس تشدد اور مظاہرین کے گرفتاری پر مظاہرین سے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ماحولیاتی ایکٹیویسٹ نے لکھا کہ پوری دنیا میں ماحولیاتی کارکن ماہ رنگ بلوچ اور دیگر پرامن بلوچ مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر کھڑے ہیں جنھیں گذشتہ شب اسلام آباد پولیس نے بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج کی پاداش میں حراست میں لیا، تشدد کا نشانہ بنایا اور انھیں احتجاج کرنے سے روکا۔

اسلام آباد میں بلوچ مظاہرین پر تشدد کے خلاف عالمی ادارے پاکستانی پولیس اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں اس سے قبل یورپی یونین کے پاکستانی سفیر سمیت ناروے کے پاکستانی سفارت خانہ نے بلوچ مظاہرین پر پولیس تشدد کی مذمت کی ہے۔

عالمی رہنماؤں کے ردعمل پر ماہ رنگ بلوچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا نے پاکستانی مظالم دیکھ لئے اسکے باوجود پاکستانی پولیس بلوچ کارکنان کو ہراساں کررہی ہے اور ابتک دو سو سے زائد بلوچ طلباء پولیس کے زیر حراست ہیں جن میں سے متعدد غائب ہیں۔