ڈیرہ بگٹی: فوجی آپریشن جاری، دو افراد لاپتہ

381

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے فوجی آپریشن اور مسلح افراد کے مابین جھڑپ کی اطلاعات ہیں جبکہ دوران آپریشن فورسز نے متعدد افراد کو حراست میں لیا ہے جن میں ابتک دو افراد کی شناخت ممکن ہوئی ہے۔

لاپتہ ہونے والوں کی شناخت عزیز بگٹی اور سلیمان بگٹی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ مذکورہ افراد کو گذشتہ شب ڈیرہ بگٹی کے علاقے آدل کالونی سے حراست میں لیا گیا ہے۔

دوسری جانب ضلع ڈیرہ بگٹی کی تصیل سوئی کے علاقے گنڈوئی ، سوناری مٹ ، سردار پٹی ، اوچ کے علاقے بشک ، ڈیم ، لاغر داوان سمیت مختلف علاقوں میں پاکستانی فوج نے وسیع آپریشن کا آغاز کردیا ہے جس میں آٹھ گن شپ ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں، کئی گھروں کو بمباری کر کے تباہ کردیا گیا ہے جس کے نتیجے میں جانی نقصانات کے اطلاعات ہیں۔

سوئی کے قریب سے مسلح افراد اور پاکستانی فورسز کے مابین جھڑپ کی بھی غیر مصدقہ اطلاعات ہیں، تاہم علاقے میں جاری آپریشن کی وجہ سے تصدیق کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ اس حوالے سے حکام کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا۔