مذہبی اور لسانی تفریق سے بالاتر ہوکر بلوچستان کی ترقی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، گورنر

106

گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، مذہب سے بالاتر ہوکر انسانیت پر یقین رکھتے ہیں مذہبی اور لسانی تفریق سے بالاتر ہوکر ملک و صوبے کی ترقی کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، مذہب کے نام پر فسادات ملک کے مستقبل کیلئے خطرناک ہوسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اقلیتی کمیشن کے چیئرمین مکھی شام لعل لاسی کی قیادت میں ملنے والے کمیشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفد میں بلوچستان اقلیتی کمیشن کے ممبران خورشید روشن بروچہ، جسپیر سنگھ، میڈیم فائرہ مفیدی، مکھی درشن لعل، عادل آکاش، راج کمار صدر، مکھی جگدیش کمار شامل تھے۔

گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک و صوبے کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جڑانوالہ واقعہ ایک سازش ہے مذہب کے نام پر اس طرح کے واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا اس طرح کے واقعات قابل مذمت ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی اقلیتی برادری کے ساتھ میرے برادرانہ تعلقات ہیں بلوچستان کی اقلیتی برادری خود کو تنہا نہ سمجھے میں ہر وقت اور دکھ سکھ میں انکے ساتھ کھڑا رہونگا وہ جب بھی مجھے اپنے مذہبی و غیر مذہبی تقریبات میں مدعو کریں گے میں حاضر ہوجاؤں گا بعدازاں بلوچستان اقلیتی کمیشن کے چیئرمین مکھی شام لعل لاسی نے گورنر بلوچستان کو بلوچستان کی اقلیتوں کے مسائل سے انہیں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آج کل ملک میں مذہب کے نام پر اقلیتوں کے جو رویہ رکھا جارہا ہے اس سے اقلیتوں میں شدید اضطراب پایا جارہا ہے یہ سب ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں جس پر گورنر بلوچستان نے مکھی شام لعل لاسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”مکھی جان” آپ میرے بھائی ہو اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا آپکا کو جو بھی مسئلہ ہو گا میں اس کے حل کے لئے حاضر ہوں گورنر ہاؤس کے دروازے ہر وقت آپ کے لئے کھلے ہیں آپ جب چاہیں آ سکتے ہیں۔