گیارہ اگست تجدید عہد کا دن ہے، تمام زونز پروگرامز کا انعقاد کریں۔ بی ایس او آزاد

303

‏بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے گیارہ اگست بلوچستان کی آزادی کے دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا کہ گیارہ اگست بلوچوں کیلئے تجدید عہد کا دن ہے جب بلوچ سرزمین پر انگریز کی سو سالہ قبضہ کا اختتام ہوا اور ہزاروں شہیدوں کی قربانیوں کا ثمر بلوچستان کو ایک آزاد ریاست کی صورت میں ملا البتہ بدقسمتی سے بلوچ ریاست اپنی آزادی قائم رکھنے میں ناکام ہوئی اور انگریز کی خواہش پر بنی ایک نام نہاد ریاست پاکستان نے بلوچ قومی آزادی کو سلب کرتے ہوئے بلوچستان پر اپنا قبضہ جما لیا اور آج 75 سال گزرنے کے بعد بھی بلوچستان پر ان کا قبضہ برقرار ہے جو یقینا بطور قوم اور ریاست ہمارے لیے کسی المیہ سے کم نہیں ہے۔

‏ترجمان نے کہا کہ برطانیہ نے 100 سال سے زائد عرصے تک بلوچ سرزمین پر اپنا قبضہ جمایا، انگریز نے جہاں بلوچستان کے وسائل کو بےدردی سے لوٹا وہی انگریزوں نے پارورڈ پالیسی کے تحت بلوچ سرزمین کو جیوگرافیائی طور پر بھی وسیع پیمانے پر نقصان پہنچایا۔ انگریز نے مکاری کے ساتھ بلوچستان کو ٹکڑوں میں بانٹ کر اس عظیم سرزمین پر رہنے والے قوم کو تقسیم کیا اور جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان ریاستوں نے بلوچ سرزمین پر اپنا قبضہ جمایا۔ انگریزوں نے جہاں بلوچ قبائل کی شکل و ہیت بدل کر انہیں سنڈیمن سسٹم کے تحت ناکارہ بنایا وہیں جرگے جیسے پالیسیوں کے تحت اپنے قبضے کو مضبوط کیا، انگریزوں نے جہاں بڑی ہوشیاری اور مکاری کے ساتھ بلوچوں کو آپس میں لڑاکر ان کے زمین پر قبضہ کیا وہیں شہید محراب خان، نورا مینگل، خلیل جیسے عظیم سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنے وطن کا دفاع کیا اور آخر تک ہزاروں بلوچ اپنے وطن کیلئے انگریزوں کے خلاف لڑتے رہے۔ اسی جذبہ قربانی اور شہادتوں کی بدولت انگریز بلوچ سرزمین پر مکمل طور پر قبضہ کرنے میں ہمیشہ ناکام رہے اور مختلف معاہدوں کے تحت چالاکی اور مکاری سے بلوچ سرزمین پر اپنا قبضہ جمائے رکھا اور جنگ عظیم دوئم کے بعد جب انگریز یہاں سے نکل رہے تھے تو بلوچستان وہ پہلا ملک تھا جنہوں نے اپنی آزادی اور خودمختیاری کا اعلان کیا تھا لیکن بعدازاں پاکستانی ریاست نے انگریزوں کے ساتھ ملکر بلوچ سرزمین پر قبضہ کرنے کا فیصلہ کیا اور انگریزوں کی ایماء پر قائم نومولود ریاست پاکستان نے بلوچستان میں چالاکی اور بزور طاقت بلوچستان پر واپس قبضہ کیا جس کے خلاف آج 75 سال گزرنے کے باوجود بھی بلوچ سپوت وطن کی دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے پاکستانی قبضہ گیریت کے خلاف جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

‏ترجمان نے بیان کے آخر میں گیارہ اگست کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گیارہ اگست بلوچ قومی تاریخ میں ایک اہم اور عظیم دن کی حیثیت رکھتا ہے جب بلوچ قوم نے انگریز کی سو سالہ قبضہ کے خلاف اپنی آزادی حاصل کر لی تھی اس لیے یہ دن تجدید عہد کا دن ہے کہ بلوچ سپوت اپنی کھوئی ہوئی آزادی کیلئے جدوجہد آزادی کا حصہ بنیں اور تحریک کی آبیاری و کامیابی کیلئے کسی بھی طرح کی قربانی دینے سے دریغ نہ کریں۔ انگریز کے خلاف بلوچوں کو ان کی آزادی سو سالہ جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں ملی تھی اور پاکستان سے بھی آزادی جدوجہد سے ہی مل سکتی ہے اس لیے بلوچ قوم اپنی کھوئی ہوئی آزادی کیلئے جاری قومی آزادی کی جدوجہد میں بھرپور شرکت کریں اور تنظیم کے تمام زونز کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ گیارہ اگست کی مناسبت سے پروگرامز کا انعقاد کریں۔