کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام احتجاجی کیمپ 6133ویں روز بھی جاری رہا۔
اس دوران مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
آج کے احتجاج میں کلی اسماعیل، کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد صدیق لانگو کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔ محمد صدیق کو رواں سال 7 اپریل کو پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری طور پر لاپتہ کیا گیا۔ اہلِ خانہ نے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے ان کی فوری اور باحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اگر محمد صدیق سمیت دیگر لاپتہ افراد پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے تاکہ انہیں قانونی حق حاصل ہو سکے۔ اگر وہ بے قصور ہیں تو انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے تاکہ ان کے خاندانوں کو ذہنی کرب اور اذیت سے نجات مل سکے۔

















































