جھل مگسی: دو لیویز چوکیوں پر مسلح افراد کا کنٹرول، اہلکار گرفتار

19

بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں مسلح افراد نے لیویز فورس کی دو چوکیوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔

جھل مگسی میں لانڈی اور سفراڑی میں لیویز فورس کی دو چوکیوں پر مسلح افراد نے کنٹرول حاصل کرکے اہلکاروں کو حراست میں لیا جبکہ اہلکاروں سے اسلحہ و موٹر سائیکل اپنی تحویل میں لے لیا گیا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق مسلح افراد کا تعلق بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیم سے تھا جنہوں نے دونوں لیویز چوکیوں پر کنٹرول حاصل کیا اور گرفتار اہلکاروں کو اپنے ہمراہ لے جارہے تھے کہ علاقہ مکینوں کی درخواست پر اہلکاروں کو رہا کردیا گیا تاہم اہلکاروں کا اسلحہ و سواری اپنے ہمراہ لے گئے۔

خیال رہے گذشتہ مہینے بلوچ لبریشن آرمی نے جھل مگسی میں کوٹڑو پولیس تھانے کو جھڑپوں کے بعد اپنے کنٹرول میں لیا تھا جبکہ بعدازاں پیش قدمی کرنے والے فوجی قافلے کو شدید نوعیت کے حملے میں بھاری جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ حملے کی زد میں آنے والے فورسز کی تین گاڑیاں خاکستر ہوکر تباہ ہوگئی تھی۔