کیچ، سبی اور نصیر آباد میں مسلح کارروائیاں، مرکزی شاہراہوں پر ناکہ بندیاں، فورسز پر حملے

21

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مسلح افراد کی کارروائیوں اور پاکستانی فورسز پر حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے نودز میں مسلح افراد کی بڑی تعداد نے مرکزی شاہراہ پر ناکہ بندی کر کے گھنٹوں تک اسنیپ چیکنگ کی۔ عینی شاہدین کے مطابق اس دوران گاڑیوں کی تلاشی لی جاتی رہی۔

اسی دوران علاقے میں پیش قدمی کی کوشش کرنے والے پاکستانی فوج اور ڈیتھ اسکواڈ کے مشترکہ قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے نتیجے میں کم از کم تین اہلکاروں کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ ایک بکتر بند گاڑی کو بھی نقصان پہنچنے کی خبر ہے۔

آخری اطلاعات تک علاقے میں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آواز سنی جاسکتی ہے۔

گذشتہ شب سبی کے علاقے مٹھڑی کے قریب بھی نامعلوم مسلح افراد نے سڑک پر ناکہ بندی کی اور پاکستانی فورسز کی چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔

اسی طرح نصیر آباد کے علاقے چھتر کے قریب سونواہ کے مقام پر بھی پاکستانی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

حکام کی جانب سے ان واقعات پر باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا گیا۔