پاکستانی اور افغان فورسز کے درمیان لڑائی جاری

155

پاکستان اور افغانستان کی فوجوں کے درمیان منگل کو سرحدی علاقوں میں مزید جھڑپیں ہوئیں اور فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کابل میں موجود اس کے نمائندوں نے متعدد دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنیں۔

رپورٹ کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت میں دھماکوں کے علاوہ طیارہ شکن ہتھیاروں اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں جبکہ افغانستان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ’پاکستانی فوج کے خلاف اب بھی لڑائی جاری ہے۔

کابل اور سرحد کے درمیان واقع شہر جلال آباد میں موجود اے ایف پی سے وابستہ صحافی نے دھماکوں اور مختلف ہتھیاروں کی فائرنگ کی اطلاع بھی دی ہے۔

جلال آباد سے 50 کلومیٹر (30 میل) کے فاصلے پر واقع سرحدی گزرگاہ طورخم کے رہائشیوں نے بھی خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ کئی روز سے لڑائی جاری ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان جھڑپیں جمعرات کے روز اس وقت شروع ہوئی تھیں جب افغانستان نے پاکستان کی جانب سے فضائی حملوں کے جواب میں سرحدی علاقے میں کارروائی شروع کر دی تھی۔

افغان حکومت کے نائب ترجمان حمداللہ فطرت کا کہنا ہے کہ تازہ ترین ہلاکتوں میں تین بچے شامل ہیں جو پیر کو ’پاکستان فوج کی جانب سے کی گئی کارروائی‘ کا نشانہ بنے۔

افغان حکومت کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جمعرات سے لے کر اب کم از کم 39 شہری مارے جا چکے ہیں اور ان اعداد و شمار پر ابھی تک پاکستان کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔