بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان ایران کی ساحلی حدود میں مبینہ ڈرون حملے میں جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق گوادر کے نواحی علاقے گنز کا رہائشی نوجوان طیب اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ سمندری راستے سے ایران جا رہا تھا کہ ایرانی ساحلی علاقے کورگُٹ کے قریب ان کی کشتی مبینہ طور پر ڈرون حملے کی زد میں آ گئی۔ حملے کے نتیجے میں طیب موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ایرانی حدود میں ساحلِ سمندر کے قریب پیش آیا۔ زخمی ہونے والے شخص کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں ہو سکیں۔
جاں بحق نوجوان کی لاش بعد ازاں اس کے آبائی علاقے گنز منتقل کر دی گئی۔ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملہ کس نے کیا، تاہم مقامی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ حملہ مبینہ طور پر اسرائیلی ڈرون کے ذریعے کیا گیا۔ اس دعوے کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
گوادر اور سرحدی ساحلی علاقوں کے درمیان سمندری راستوں پر ماہی گیروں اور مقامی افراد کی آمدورفت معمول کا حصہ ہے، تاہم خطے میں سیکیورٹی صورتحال اور غیر یقینی حالات کے باعث ایسے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے
















































