سیکورٹی خدشات: بلوچستان میں تمام تعلیمی اداروں کی بندش میں توسع

13

بلوچستان بھر میں تعلیمی سرگرمیوں کی معطلی میں توسیع کا اعلان، تمام اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں اب 31 مارچ تک بند رہے گی- نوٹیفیکیشن جاری

حکومتِ بلوچستان کے محکمہ کالجز، ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن نے بلوچستان بھر میں تعلیمی سرگرمیوں کی معطلی میں 31 مارچ 2026 تک توسیع کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق سرکاری و نجی اسکول، کالجز سمیت جامعات، ڈگری و انٹر کالجز، پولی ٹیکنک اداروں، بی آر سیز اور کیڈٹ کالجز پر یکساں طور پر ہوگا۔

محکمہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ 9 مارچ 2026 کو جاری کردہ سابقہ نوٹیفکیشن کے تسلسل میں کیا گیا ہے جس کے تحت صوبے میں تعلیمی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کی گئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق حکام نے موجودہ حالات کے پیش نظر طلبہ و اساتذہ کے تحفظ اور انتظامی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مدت میں مزید توسیع ضروری قرار دی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس دوران تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے اور کسی بھی قسم کی تدریسی یا ہم نصابی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سیکریٹری محکمہ کالجز، ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن صالح محمد بلوچ کے دستخط سے جاری اس نوٹیفکیشن کی نقول متعلقہ اعلیٰ حکام اور اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ فیصلے پر فوری اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔