سوراب: مسلح افراد کی ناکہ بندی، فورسز سے جھڑپ میں تین افراد زخمی

168

بلوچستان کے ضلع سوراب میں جمعرات کی صبح مسلح افراد کی جانب سے مرکزی شاہراہ پر ناکہ بندی کے بعد پاکستانی فورسز کے ساتھ جھڑپ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے صبح سویرے سوراب میں مین ہائی وے پر ناکہ بندی کر کے آنے جانے والی گاڑیوں کو روک کر چیکنگ شروع کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پاکستانی فورسز نے علاقے کی جانب پیش قدمی کی کوشش کی، جس پر مسلح افراد اور فورسز کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق اس دوران فائرنگ اور گولہ باری کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق فورسز کی جانب سے کی گئی گولہ باری کی زد میں آ کر کم از کم تین افراد زخمی ہو گئے۔

حکام کی جانب سے تاحال واقعے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔