خضدار کے علاقے کرخ میں مسلح افراد کا کنٹرول، پاکستانی فورسز سے جھڑپیں

28

خضدار کے علاقے کرخ میں بدھ کو مسلح افراد نے متعدد سرکاری تنصیبات پر قبضہ کر کے شہر کے اہم حصوں کا کنٹرول سنبھال لیا، جبکہ پاکستانی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد نے کرخ میں پولیس تھانے، نادرا دفتر اور دیگر سرکاری عمارتوں پر دھاوا بول کر انہیں اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرخ کراس اور مولہ کراس پر مسلح افراد نے چیک پوائنٹس قائم کر کے سڑکیں بند کر دیں۔ مولہ کراس پر قائم پولیس چیک پوسٹ پر قبضے کے بعد عمارت کو نذرِ آتش کر دیا گیا، جبکہ وہاں تعینات پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

بعد ازاں علاقے کی جانب پیش قدمی کرنے والے پاکستانی فوج کے اہلکاروں پر بھی حملے کی اطلاع ملی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، تاہم جانی نقصان یا گرفتاریوں کے بارے میں باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

تاحال کسی نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔