خضدار: سی پیک روٹ پر آزادی پسندوں کا کنٹرول برقرار، فورسز جھڑپیں جاری

1

بلوچستان کے ضلع خضدار میں پاکستانی فورسز اور بلوچ آزادی پسندوں کے مابین شدید نوعیت کی جھڑپیں جاری ہے، کرخ کے مقام پر سی پیک روٹ پر آزادی پسندوں کا کنٹرول چوتھے روز برقرار

خضدار شہر سے تقریباً 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کرخ کے علاقے میں سی پیک روٹ پر آج چوتھے روز بھی بلوچ آزادی پسندوں کا کنٹرول برقرار ہے جہاں مختلف مقامات پر چیک پوائنٹس قائم کیئے گئے جبکہ اسنیپ چیکنگ کی جارہی ہے۔

ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ آج صبح پاکستانی فورسز نے مختلف مقامات سے پیدل پیش قدمی کی کوشش کی جنہیں ڈرون طیاروں کی کمک حاصل ہے، اس دوران پاکستانی فورسز اور آزادی پسندوں کے مابین شدید نوعیت کے جھڑپوں کا آغاز ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ جھڑپیں تین گھنٹے سے زائد جاری رہی جبکہ علاقے میں تاحال فائرنگ اور دھماکوں کی آواز سنی جاسکتی ہے۔

گذشتہ روز فورسز کے پیدل اہلکاروں کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے میں فورسز کے دو اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔

حکام نے تاحال علاقے کی صورتحال کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

اطلاعت کے مطابق گذشتہ دنوں کرخ میں ناکہ بندی کے دوران فرار کی کوشش میں دو افراد ہلاک اور ایک کو حراست میں لیا گیا، جن کا تعلق مبینہ طور پر پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی سے بتایا جارہا ہے۔

رواں سال اکتیس جنوری کو بلوچ لبریشن آرمی کے آپریشن ھیروف دوم کے دوران خضدار کے علاقے اورناچ سے پاکستانی فوج کے سات اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

بی ایل اے نے مذکورہ اہلکاروں کی رہائی کو قیدیوں کے تبادلے مشروط کرکے ایک ہفتے کی مہلت دی تھی تاہم بعدازاں اس میں پیش رفت نہ ہونے پر مذکورہ اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا اعلان کیا گیا۔