جیو سمیت پاکستان کے متعدد ٹی وی چینل ہیک، فوج مخالف مواد نشر

48

ہیکرز نے نشریات کے دوران متعدد ٹی وی چینلز کو جام کرکے ان تک رسائی حاصل کرلی۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق نیوز چینلز جیو نیوز، اے آر وائی سمیت کئی دیگر نیوز اور اسپورٹس چینلز کے ہیک کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ ہیکرز نے پاکستان فوج مخالف مواد نشر کردیا۔

ہیکرز کی جانب سے نشر کیے گئے پیغام میں کہا گیا کہ “پاکستانی فوج تباہی کے پیچھے ہے، عوام فوج کے خلاف کھڑے ہوں۔”

واقعے پر جیو نیوز نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جیو نیوز کی نشریات کو مسلسل رکاوٹ کا سامنا ہے اور اسکرین کو ہیک کرکے نامناسب پیغام نشر کیا گیا، جس کا چینل سے کوئی تعلق نہیں۔

جیو نیوز نے حکام سے درخواست کی ہے کہ اس صورتحال کا نوٹس لے کر فوری کارروائی کی جائے اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔