ضلع جھل مگسی کے علاقے گنداواہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار حوالدار سید یعقوب شاہ ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حوالدار سید یعقوب شاہ ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد موٹر سائیکل پر اپنے گھر کوٹڑہ جا رہے تھے کہ تھانہ سٹی گنداواہ کی حدود میں گوٹھ میر جت کے قریب نورانی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے انہیں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ حملہ آواروں کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او سٹی گنداواہ ذوالفقار علی پندرانی کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔



















































