تربت: وائس چانسلر کی گاڑی مسلح افراد نے چھین لی

193

تربت سے کوئٹہ جاتے ہوئے تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر گل حسن بلوچ کی گاڑی اتوار کی شام مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر چھین لی۔

ذرائع کے مطابق واقعہ تربت کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے وائس چانسلر کو روک کر ان کی گاڑی پر قبضہ کر لیا اور فرار ہو گئے۔

واقعہ کے بعد ڈاکٹر گل حسن بلوچ تقریباً ایک گھنٹے تک سڑک پر کھڑے رہے، جس کے بعد انہوں نے ایک مسافر بس میں سوار ہو کر کوئٹہ کے لیے روانگی اختیار کی۔

اس سے قبل کمشنر مکران کی گاڑی بھی کوئٹہ سے تربت آتے ہوئے سوراب کے مقام پر چھین لی گئی تھی، جس میں کمشنر کے ڈرائیور اور گارڈ کو اغوا کر کے لاپتہ کر دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں ہفتے کی شب تربت میں ڈی ایس پی کی گاڑی کو بھی مسلح افراد نے روک کر اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا، اور اس دوران پولیس اہلکاروں کے سرکاری اسلحہ بھی چھین لیے گئے۔