بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی علاقے تربت میں دو مختلف واقعات میں پاکستانی فوج کے قافلے اور پوسٹ کو حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
تربت کے علاقے ناصر آباد میں پاکستانی فوج کے ایک قافلے پر گھات لگا کر مسلح افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو گاڑیوں سمیت ایک بکتر بند گاڑی براہِ راست حملے کی زد میں آ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ ممکنہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
دریں اثنا تربت، گنہ میں پاکستانی فورسز کے چیک پوسٹ کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کی آواز علاقے میں سنی گئی تاہم حکام نے نقصانات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کیچ کے علاقے نودز میں مسلح افراد نے مرکزی شاہراہ پر ناکہ بندی کر کے گھنٹوں تک اسنیپ چیکنگ کی اور پیش قدمی کرنے والے فوجی قافلے کو نشانہ بنایا تھا، جس میں جانی نقصان اور ایک بکتر بند گاڑی کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔
















































