صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کی کسی بھی زمینی کارروائی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ٹرمپ نے این بی سی نیوز کو ٹیلی فون پر بتایا، ’’یہ وقت کا ضیاع ہے۔ وہ سب کچھ کھو چکے ہیں۔ وہ اپنی بحریہ کھو چکے ہیں۔ وہ ایسا سب کچھ کھو چکے ہیں جو وہ کھو سکتے تھے۔‘‘
صدر ٹرمپ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے اس بیان پر اپنا ردعمل ظاہر کر رہے تھے، جو عراقچی نے اس سے پہلے این بی سی نیوز کے ساتھ گفتگو میں دیا تھا اور جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کسی بھی زمینی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ایران کو مستقبل میں ’’ایک اچھا رہنما‘‘ ملے، یہ بیان اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں امریکی نیوز آؤٹ لیٹ ایکسیوس نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ ٹرمپ ایران کے اگلے رہنما کے انتخاب میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا،’’ہم ایسا شخص نہیں چاہتے جو دس سال کے عرصے میں دوبارہ سب کچھ تعمیر کرے۔‘‘ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے ذہن میں نئے رہنما کے حوالے سے کچھ نام ہیں، تاہم انہوں نے کسی کا نام لینے سے انکار کیا۔
















































