اقوامِ متحدہ کی 61ویں انسانی حقوق کونسل: ڈاکٹر شلی بلوچ کا ویڈیو لنک خطاب

13

بلوچ وومن فورم کی مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر شلی بلوچ نے اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ ان پر کوئی مؤثر احتساب یا انصاف نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار سیاسی قوت کے طور پر ہم مسلسل ان غیر انسانی اور ماورائے عدالت اقدامات کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں اور ذمہ دار عناصر کے احتساب کا مطالبہ کرتے آئے ہیں، مگر بدقسمتی سے ہماری آواز کو مسلسل نظرانداز کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر شلی بلوچ نے ریاستی حکام اور بین الاقوامی اداروں، بالخصوص اقوامِ متحدہ، سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچ عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے لیں اور انہیں مساوی انسانی حقوق فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے میڈیا اداروں اور صحافیوں پر بھی زور دیا کہ وہ زمینی حقائق کو براہِ راست مقامی افراد سے رابطہ کر کے غیر جانبدارانہ انداز میں دنیا کے سامنے پیش کریں، اور اس عمل میں کسی تیسرے فریق کی مداخلت نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے حقائق کو اجاگر کریں اور انصاف کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔