ہنگول چیک پوسٹ کے خلاف سندھ، بلوچستان ٹرانسپورٹرز کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال

145

سندھ اور بلوچستان کے بس ٹرانسپورٹرز نے ہنگول چیک پوسٹ کے خلاف 18 فروری سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، جس کے باعث تربت اور گوادر روٹ پر بس سروس معطل کر دی گئی ہے۔

ٹرانسپورٹرز کا مؤقف ہے کہ ہنگول چیک پوسٹ پر ہر آنے جانے والی بس کو روکا جاتا ہے اور گھنٹوں تک تلاشی لی جاتی ہے، حالانکہ ان کے مطابق اب تک کسی بھی بس سے کوئی غیر قانونی اشیا برآمد نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا ہے کہ طویل چیکنگ کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ کا کاروبار بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

اعلان کے بعد تربت سے گوادر جانے والی بس سروس عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے، جس سے مسافروں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

ٹرانسپورٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ چیکنگ کے طریقہ کار کو آسان اور منظم بنایا جائے تاکہ مسافروں اور ڈرائیوروں کو غیر ضروری انتظار سے بچایا جا سکے۔

واضح رہے کہ ہنگول چیک پوسٹ پر سیکیورٹی فورسز مسافر اور مال بردار گاڑیوں کو چیکنگ کے نام پر گھنٹوں روکے رکھتی ہیں۔ مسافروں نے بھی شکایت کی ہے کہ طویل انتظار اور بعض اہلکاروں کے نامناسب رویے کے باعث انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے