کوئٹہ: بلوچ جبری گمشدگیوں کے خلاف طویل احتجاجی کیمپ جاری 

0

 بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6076ویں روز میں داخل ہو گیا۔ 

کیمپ کی قیادت تنظیم کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کر رہے ہیں، جبکہ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل حوران بلوچ بھی موجود تھے۔

اس دوران بلوچ وطن پارٹی کے رہنما میر حیدر رئیسانی اور ایڈوکیٹ احسان بلوچ نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے جبری لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ 

رہنماؤں نے بالخصوص بلوچ خواتین کی مبینہ جبری گمشدگیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ جبری گمشدگیاں ملکی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، ایسے اقدامات سے ریاست اور ریاستی اداروں کی ملکی و بین الاقوامی سطح پر ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔ 

انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کیا کہ اس انسانی مسئلے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی قوانین کے تحت عملی اقدامات کیے جائیں، تمام لاپتہ افراد کو منظر عام پر لایا جائے اور انہیں قانونی چارہ جوئی کا حق دیا جائے۔