پسنی: علاقہ مکینوں کی پریس کانفرنس، سی ٹی ڈی اہلکار پر جدی پشتی زمین پر قبضے کا الزام

210

بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی میں سی ٹی ڈی اہلکار کی جانب سے ایک شہری کی اراضی پر مبینہ طور پر زبردستی قبضے کے خلاف متاثرین پسنی پریس کلب پہنچ گئے۔

پسنی کے ریکپشت وارڈ نمبر 7 کے رہائشی حفیظ بلوچ، مبارک زہرو، قمبر طارق اور پیر محمد نے پسنی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا ایک اہلکار اپنے ادارے کا نام استعمال کرتے ہوئے ایک غریب شہری کی جدی پشتی زمین پر زور زبردستی قبضہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں متاثرین نے تحصیلدار پسنی سے بھی رابطہ کیا، تاہم ان کی جانب سے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سی ٹی ڈی کے اعلیٰ حکام اور ڈپٹی کمشنر گوادر سے اپیل کی کہ متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے اور مذکورہ اہلکار کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی اہلکار کی جانب سے انہیں نقصان پہنچانے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔ اگر انہیں کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ ادارے پر عائد ہوگی۔