بابر بلوچ کے قتل کے خلاف لیاری میں لواحقین کا احتجاج، انصاف کی فراہمی کا مطالبہ

40

بابر بلوچ کے قتل اور ان کے والد دلدار بلوچ پر تشدد کے خلاف اہلِ خانہ اور علاقہ مکینوں نے لیاری میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔

احتجاج میں شریک لواحقین کا کہنا تھا کہ بابر بلوچ کو بے دردی سے قتل کیا گیا، مگر تاحال ذمہ داروں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی۔ مظاہرین کے مطابق انصاف کی فراہمی کے بجائے متاثرہ خاندان کو دباؤ اور ہراسانی کا سامنا ہے، جو نہایت تشویشناک امر ہے۔

لواحقین نے واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یکم دسمبر کو بابر بلوچ اپنے والد پر ہونے والے تشدد کی وجوہات جاننے کے لیے عدنان کے پاس گئے تھے، جہاں ان پر فائرنگ کر دی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور اسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے بعد 13 دسمبر کو جاں بحق ہو گئے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کا واحد مطالبہ انصاف ہے اور جب تک قاتلوں کو گرفتار کر کے سخت سزا نہیں دی جاتی، ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ احتجاج میں شریک افراد نے انسانی حقوق کی تنظیموں، سماجی کارکنوں اور باشعور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور انصاف کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں۔