منگل اور بدھ کی درمیانی شب انڈیا کی جانب سے پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں حملوں اور اس کے جواب میں پاکستانی فوج کی کارروائی کے بعد بدھ کی صبح انڈیا اور پاکستان کی سٹاک مارکیٹس میں کاروبار کا آغاز منفی انداز میں ہوا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 6560 پوائنٹس کی کمی کے بعد انڈیکس 107007 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈیا کی نفٹی 50 انڈیکس 0.6 فیصد کمی کے بعد 24,233.3 پوائنٹس جبکہ بی ایس سی سینسیکس 0.86 فیصد کمی کے ساتھ 79,948 پوائنٹس پر پہنچ گئیں۔
کاروبار کے دوران میں مارکیٹ فروخت کے دباؤ کا شکار نظر آئی۔
سٹاک مارکیٹ تجزیہ کار پاکستان پر انڈیا کی جانب سے حملوں کو سٹاک مارکیٹ میں مندی کی وجہ قرار دیتے ہیں۔
بدھ کی صبح جب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز ہوا تو سرمایہ کاروں کی جانب سے جلدی میں حصص کی فروخت دیکھی گئی۔
مارکیٹ تجزیہ کار جبران سرفراز نے بی بی سی کو بتایا کہ سٹاک مارکیٹ میں مندی کی وجہ انڈیا کی جانب سے گذشتہ رات کیا جانے والا حملہ ہے۔ ان کا کہنا ہے آج جب کاروبار کا آغاز ہوا تو سرمایہ کاروں نے گھبراہٹ میں حصص فروخت کیے۔
ان کا کہنا ہے کہ انفرادی اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں دونوں کی جانب سے فروخت کا رجحان دیکھا گیا۔
جبران سرفراز کا کہنا ہے کہ کشیدگی اور جنگ کے دوران یہ ہوتا ہے کیونکہ جن سرمایہ کاروں نے ادھار پر مال خریدا ہوتا ہے وہ مزید نقصان سے بچنے کے لیے اسے بیچ کر مارکیٹ سے نکل جاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے آج بھی ایسا ہی ہوا جس کی وجہ سے مارکیٹ میں بڑی کمی دیکھی گئی۔