نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اور سرکاری حمایت یافتہ گروہ کو حملوں میں نشانہ بنا کر اسلحہ تحویل میں لے لیا۔
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے نال سے موصول اطلاعات کے مطابق نال شہر میں گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے سرکاری حمایت یافتہ گروہ کے دو ارکان کو اس وقت حملے کا نشانہ بنایا جب وہ شہر میں داخل ہو رہے تھے۔
حملے میں اس گروہ کے ارکان کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ مسلح افراد ان کا اسلحہ اپنے قبضے میں لے کر فرار ہو گئے۔
دوسری جانب خاران سے اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے خاران چیف چوک پر ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنانے کے بعد ان کا سرکاری اسلحہ اپنے قبضے میں لے لیا اور بعد ازاں پولیس اہلکاروں کو چھوڑ دیا گیا۔
خاران و دیگر علاقوں میں اس طرح کے متعدد واقعات میں مسلح افراد کی جانب سے پولیس و دیگر سرکاری اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے اور سرکاری حمایت یافتہ گروہوں پر حملے ہوتے رہے ہیں اور اکثر بلوچ آزادی پسند گروپوں کی جانب سے ان واقعات کی ذمہ داری قبول کی جاتی رہی ہے۔
تاہم آج خضدار اور خاران کے واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔