بلوچ قوم پرست رہنما مہران مری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر بلوچستان میں جاری حالیہ واقعات، گزشتہ سات دہائیوں سے جاری ریاستی ناانصافی اور خونریزی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اس وقت نہایت نازک موڑ پر کھڑا ہے، اور بین الاقوامی برادری کو محض پاکستانی فوج کی فراہم کردہ معلومات پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔ اس کی بجائے خودمختار تحقیقاتی ٹیمیں اور غیر جانبدار بین الاقوامی صحافی بلوچستان بھیجے جائیں تاکہ وہاں کی مجموعی صورتحال کا غیر جانبدرانہ جائزہ لیا جا سکے، اور خاص طور پر حالیہ ٹرین حادثے کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جا سکے۔
مہران مری نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے زمینی حقائق کو جانچنے کے لیے آزاد ذرائع سے معلومات حاصل کی جائیں تاکہ وہاں کے عوام کو درپیش مشکلات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو صحیح معنوں میں سمجھا جا سکے۔