بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارے سرمچاروں نے خاران، بلیدہ، زامران اور قلات میں پانچ مختلف حملوں کے دوران قابض پاکستانی فوج اور اس کے آلہ کاروں کو نشانہ بنایا۔ آئی ای ڈی دھماکوں اور پوسٹوں پر مسلح کارروائیوں کے نتیجے میں دشمن فوج کے 6 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ترجمان نے کہاکہ آج بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں زیردان کے مقام پر قابض پاکستانی فوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے پیدل اہلکاروں کو اس وقت بیک وقت دو آئی ای ڈی دھماکوں میں نشانہ بنایا، جب وہ کلیرنس کے عمل میں مصروف تھے۔ ان دھماکوں کے نتیجے میں دشمن فوج کے دو اہلکار موقع پر ہلاک، جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
انہوں نے کہاکہ دریں اثنا، بی ایل اے کے سرمچاروں نے کیچ کے علاقے زامران میں گیشردان کے مقام پر قابض پاکستانی فوج کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو آئی ای ڈی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دشمن کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
مزید کہاکہ بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے 11 مارچ کو خاران میں گزی روڈ پر قائم قابض پاکستانی فوج کی پوسٹ پر حملہ کیا۔ اس کارروائی میں سرمچاروں نے دشمن فوج کی پوزیشنز پر گرینیڈ لانچر سے متعدد گولے داغے، جس سے دشمن کو جانی و مالی نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہاکہ ایک اور کارروائی میں، 12 مارچ کی شب بی ایل اے کے سرمچاروں نے خاران کے علاقے گرُک اور دالی کے درمیان قائم قابض پاکستانی فوج کی پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں خودکار ہتھیاروں اور راکٹ لانچر کا استعمال کیا گیا۔ تقریباً بیس منٹ تک جاری رہنے والے اس حملے میں دشمن کے تین اہلکار موقع پر ہلاک، جبکہ کم از کم چار اہلکار زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں، قابض فوج کو مزید مالی نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان نے کہاکہ بی ایل اے کے سرمچاروں نے گزشتہ روز قلات کے علاقے منگچر بازار میں قابض پاکستانی فوج اور خفیہ اداروں کے ایک ایجنٹ کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ مذکورہ شخص پاگل کے بھیس میں قابض فوج کے لیے مخبری کر رہا تھا۔
آخر میں کہاکہ بلوچ لبریشن آرمی ان تمام حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔