جعفر ایکسپریس پر بی ایل اے کا قبضہ : علاقے میں جیٹ طیاروں کی آمد، جھڑپیں جاری

1136

بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مشکاف، ڈھاڈر میں 11 مارچ 2025 کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس پر حملہ، حملہ آوروں نے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے تباہ کرکے ٹرین کو روک کر مسافروں کو یرغمال بنالیا ہے۔

بلوچ لبریشن آرمی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

بی ایل اے کے ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر 400 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنایا گیا تھا بعد ازاں خواتین اور بچوں کو رہا کر دیا گیا جبکہ 182 افراد اب بھی یرغمال ہیں، ترجمان نے مزید کہا کہ اس کارروائی میں 20 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

واقعے کے بعد پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں آپریشن کا آغاز کیا ہے ڈھاڈر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ہیلی کاپٹر اور جنگی طیاروں کی پروازیں دیکھی گئی ہیں جبکہ پاکستانی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر اضافی نفری تعینات کی ہے۔

اس سے قبل بی ایل اے نے خبردار کیا ہے کہ اگر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن جاری رہا تو یرغمالیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، ترجمان نے کہا ہے کہ فوجی کارروائی کی صورت میں تمام یرغمالیوں کو ہلاک کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت نے صورتحال کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کیے ہیں کوئٹہ اور سبی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔