امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ جوہری معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ایران کو ‘بمباری’ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بی بی سی کے امریکہ میں شراکت دار ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق اتوار کو این بی سی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ‘اگر وہ (ایرانی حکام) معاہدہ نہیں کرتے تو پھر بمباری ہو گی اور بمباری بھی ایسی جو انھوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہو گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘اس بات کا بھی امکان ہے کہ اگر وہ معاہدہ نہیں کرتے تو میں ان پر اضافی ٹیرف عائد کروں گا جو میں نے چار برس قبل بھی کیا تھا۔’
خیال رہے کہ امریکی صدر گذشتہ کئی ہفتوں سے ایران پر جوہری معاہدہ کرنے کے لیے زور دے رہے ہیں۔ رواں مہینے کے دوسرے ہفتے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کو بتایا تھا کہ انھوں نے ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کو ایک خط لکھ کر مذاکرات کی دعوت دی ہے۔
یران کے سرکاری میڈیا ارنا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پژشکیان کا کہنا ہے کہ ان کے ملک نے امریکہ کو مطلع کر دیا ہے کہ وہ بلواسطہ مذاکرات کے لیے راضی ہے۔
اتوار کو مسعود پژشکیان کا کہنا تھا کہ ایران نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا لیکن دوسرے فریق کی جانب سے وعدے ٹوٹنے کے سبب اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے۔