ہرنائی: کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک کانکن جاں بحق، دو زخمی

20

بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں زرد آلو کے علاقے میں واقع کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے کے باعث ایک کانکن جان بحق ہوگیا، جبکہ دو کانکن زخمی ہو گئے۔

لیویز کنٹرول روم کے مطابق، حادثہ میں جان بحق ہونے والے کانکن کی شناخت محمد ولی سکنہ زرد آلو کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والے کانکنوں میں حضرت ولد سکنہ خانو زئی اور داود خان سکنہ زرد آلو شامل ہیں۔

زخمی کانکنوں اور لاش کو کانکنوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کوئلہ کان سے نکال کر نزدیکی مرکز صحت منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد جان بحق کانکن کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

بلوچستان میں کوئلہ کانوں حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے سبب اکثر اوقات حادثات پیش آتے رہتے ہیں جس کے نتیجے میں سینکڑوں کانکن جانبحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق کوئٹہ، بولان، ہرنائی، لورالائی اور دکی سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع میں کوئلے کے 256ملین ٹن کے زائد ذخائر موجود ہیں۔

پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مطابق کوئلہ کی کان کنی کے شعبے سے بلوچستان میں ایک لاکھ سے زائد مزدور وابستہ ہیں، تاہم مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال سینکڑوں کان کن مختلف حادثات میں جانبحق ہو جاتے ہیں ۔