بلوچستان: جبری لاپتہ تین افراد بازیاب

507

بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سالوں سے جبری لاپتہ تین افراد بازیاب ہوگئے-

تفصیلات کے مطابق دو سال قبل بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے کمالان دشتی بازیاب ہوگئے ہیں-

کمالان دشتی کو آج کوئٹہ میں بازیاب کیا گیا، انکی بازیابی کی تصدیق لواحقین نے کردی ہے۔

ادھر خاران سے اطلاعات کے مطابق رواں سال فروری میں پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے ڈپٹی کمشنر خاران کے گارڈ اسلم شاہ بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں-

مزید برآں ایک سال قبل جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے ضلع کیچ کے علاقہ شے کھن کے رہائشی محکمہ صحت کے ملازم رفیق احمد ڈاکٹر ولد مراد محمد جمعرات کی شام کوئٹہ سے بازیاب ہوگئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر رفیق احمد بچوں کے علاج کی غرض سے کراچی گئے تھے جہاں پر انہیں 11 اگست 2023 کو کراچی کے مشہور علاقہ صدر سے پاکستانی فورسز نے حراست کے بعد لاپتہ کردیا تھا جو آج بازیاب ہوگئے ہیں-

بلوچستان آج بازیاب ہونے والے دیگر افراد کی بازیابی کی تصدیق بھی علاقائی ذرائع سمیت انکے اہلخانہ نے کردی ہے-