برازیل طیارہ حادثہ، 61 افراد ہلاک

199

برازیل کی ریاست ساؤ پاؤلو میں ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 61 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ویپاس ایئر لائن کا کہنا ہے کہ دو انجنوں والا ٹربوپروپ جنوبی ریاست پرانا کے کیسکاویل سے ساؤ پالو شہر کے گوارولہوس ہوائی اڈے کے لیے پرواز کر رہا تھا جب یہ ونہیڈو شہر میں گر کر تباہ ہو گیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک طیارہ عمودی طور پر نیچے گر رہا ہے۔

طیارے میں 57 مسافر اور عملے کے چار افراد سوار تھے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے ایک شخص فیلیپ مگلہیس کا کہنا تھا کہ ’جب میں نے طیارے کی آواز سنی تو میں نے گھر کی کھڑکی سے باہر دیکھا تو اسی وقت میں نے اسے زمین پر گر کر تباہ ہوتے دیکھا۔‘

وہ ونہیڈو قصبے میں واقع اپنے گھر سے یہ دیکھنے کے لیے بھاگے کہ طیارہ کہاں گرا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ’میں ڈرا ہوا تھا اور سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ کیا کروں۔ میں نے دیوار پر سے چھلانگ لگا دی۔‘

نتھالی سیکری اس جگہ کے قریب رہتی ہیں جہاں طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا اور انھوں نے کہا کہ وہ دوپہر کا کھانا کھا رہی تھیں جب انھوں نے قریب ہی ایک زور دار آواز سنی۔

انھوں نے اسے ڈرون کی آواز سے ملتا جلتا لیکن ’زیادہ زور دار‘ قرار دیا۔

سیکاری نے سی این این برازیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بالکونی میں باہر گئی اور طیارے کو گھومتے ہوئے دیکھا۔ چند سیکنڈز کے اندر ہی مجھے احساس ہوا کہ یہ ہوائی جہاز کی معمول کی حرکت نہیں ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ جب جہاز زمین سے ٹکرایا وہ لمحہ ’خوفناک‘ تھا۔

حادثے کے بعد ان کا گھر کالے دھوئیں سے بھر گیا جہاں سے انھیں نکلنا پڑا تاہم انھیں کوئی چوٹ نہیں آئی۔

پیٹرو نامی ایک اور عینی شاہد نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ انھوں نے ’بہت سے لوگوں‘ کو ’ویڈیوز بنانے‘ کے لیے کنڈومینیم میں گھستے دیکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے طیارے کا ملبہ دیکھا اس میں صرف کیبن بچا تھا۔‘

جنوبی ریاست پرانا کے کیسکاویل ہوائی اڈے پر جہاں سے طیارے نے ساؤ پاؤلو شہر کے لیے اڑان بھری تھی وہاں موجود کچھ مسافر ایسے بھی تھے جو اس پرواز میں سوار ہونے سے رہ گئے تھے۔ ان مسافروں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

ایڈریانوآاسس نامی مسافر کا کہنا تھا کہ ’یہ بہت جذباتی احساس ہے‘۔

جب وہ ہوائی اڈے پر پہنچے تو ٹیک آف کے بارے میں معلومات کی کمی تھی اور سوالات کا جواب دینے کے لیے کاؤنٹر پر کوئی نہیں تھا۔

جب وہاں عملہ کا رکن آیا تو انھیں بتایا گیا کہ وہ اب سوار نہیں ہو سکتے۔

برازیل کی خبر رساں ایجنسی گلوبو کی رپورٹ کے مطابق آسیس نے ایک مقامی اخبار کو بتایا کہ ’میں نے اس کے ساتھ جھگڑا بھی کیا لیکن اس نے میری جان بچا لی۔‘

ایک اور مسافر جوز فیلیپ ابتدائی طور پر پرواز میں بکنگ کرنے والے تھے لیکن اس کے بجائے وہ تباہ ہونے والے طیارے میں سوار ہونے کی کوشش کرنے لگے۔

فیلیپ نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’میں جلدی پہنچ گیا، بہت دیر انتظار کیا لیکن کچھ نہیں ہوا۔ جب گیارہ بج رہے تھے تو میں یہاں معلومات لینے آیا تھا۔‘

انھوں نے مزید بتایا ’پھر انھوں نے مجھ سے کہا کہ آپ اب اس طیارے میں سوار نہیں ہو سکتے کیونہ بورڈنگ کا وقت گزر چکا ہے۔ تو میں نے لڑائی کی، میں نے تھوڑا سا دھکا بھی دیا، میں نے اس سے کہا کہ مجھے جانے دو، مجھے اس طیارے پر جانا ہے اور اس نے کہا کہ نہیں، میں آپ کا ٹکٹ دوبارہ بک کروا سکتا ہوں۔‘

انھوں نے کہا ’یہ بہت زبردست احساس ہے۔ میں یہاں کانپ رہا ہوں۔۔۔ صرف میں اور خدا ہی جانتے ہیں۔‘

برازیل کے صدر لوئیز اناسیو ڈی سلوا نے ہلاک شدگان کے اہلِخانہ اور دوستوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ساؤ پالو کے ریاستی گورنر ٹارسیو گومز ڈی فریٹاس نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

فرانسیسی اطالوی طیارہ ساز کمپنی اے ٹی آر نے کہا ہے کہ وہ تحقیقات میں تعاون کرے گی۔ طیارہ رہائشی علاقے میں گرا لیکن زمین پر تمام افراد محفوظ رہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقامی کنڈومینیم کمپلیکس میں صرف ایک گھر کو نقصان پہنچا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گھروں سے بھرے ہوئے علاقے میں ایک بڑے علاقے پر آگ لگی ہوئی ہے اور ملبے سے دھواں اٹھ رہا ہے۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔

ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق طیارہ مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 56 منٹ پر کیسکاویل سے روانہ ہوا۔ طیارے سے ملنے والا آخری سگنل تقریبا ڈیڑھ گھنٹے بعد ملا تھا۔

برازیل کی سول ایوی ایشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ 2010 میں بنایا گیا طیارہ ’اچھی آپریٹنگ کنڈیشن میں تھا، جس کے پاس درست رجسٹریشن اور پرواز کی قابلیت کے سرٹیفکیٹ تھے‘۔

حادثے کے وقت جہاز میں سوار عملے کے چاروں ارکان باقاعدہ لائسنس یافتہ تھے اور ان کے پاس درست اہلیت تھی۔

کیسکاویل کے یوپیکن کینسر ہسپتال نے بی بی سی برازیل کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے مسافروں میں اس کے دو زیر تربیت ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔

اے ٹی آر نے ایک بیان میں کہا کہ اسے اے ٹی آر 72-500 کے حادثے کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ’ ہماری ہمدردیاں اس واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہیں۔ اے ٹی آر کے ماہرین تحقیقات اور کسٹمر دونوں کی مدد کرنے کے لیے پوری طرح میسر ہیں۔‘