پنجگور :لاپتہ نوجوان کی بازیابی کے لئے اہلخانہ کا دھرنا

152

پنجگور کے علاقے چتکان تار آفیس سے گذشتہ روز نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے اسلحہ کے زور پر اللہ نذر ولد خدا نظر نامی نوجوان کو ان کے دوکان سے اسلحہ کے زور پر اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے-

واقعہ کے بعد لاپتہ نوجوان کے اہلخانہ نے مین سی پیک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک اور آمدورفت کیلئے بند کردیا ہے جس کے بعد سی پیک روٹ پر ٹریفک کی روانی معطل ہوکر رہ گئی ہے۔

اللہ نذر کے لواحقین نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی کے ساتھ حل کریں اور اللہ نذر کو بازیاب کریں اور ہم پنجگور کے غیور عوام اور دیگر انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس درد کو اپنا درد سمجھ کر ان کے ہمارے ساتھ دیں-

لواحقین کے مطابق اس سے پہلے بھی اللہ نذر کے دو بھائیوں جہانزیب اور شاہ نظر کو کاونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ سی ٹی ڈی نے کچھ سال پہلے جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا تھا اور ان پر ناجائز اور جھوٹے مقدمات لگا کر انہیں بعد ازاں منظر عام پر لیکر آیا تھا-

لواحقین نے مزید کہا کہ خدشہ ہے بے گناہ اللہ نذر پر بھی ایسے بے بنیاد الزام عائد کئے جائینگے-