گوادر / تربت: چندہ جمع کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا اعلان

1276

رواں سال کے 28 جولائی کو بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں ہونے والے بلوچ راجی مچی کی تیاریوں کے سلسلے میں آگاہی مہم کے ساتھ بلوچ عوام سے رضاکارانہ چندہ مہم بھی جاری ہے ۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کہا ہے کہ مالی معاونت کے لیے اکاؤنٹ کی تفصیلات عوامی طور پر اعلان نہیں کی ہیں۔ تاہم، ہم نے درج ذیل آفیشل رابطہ نمبر فراہم کیے ہیں، جو کوئی بھی بلوچ راجی مچ کے لیے رضاکارانہ طور پر معاونت دینا چاہتا ہے، وہ ان نمبروں پر رابطہ کرے۔

انہوں نے اپیل کی ہے کہ آفیشل نمبر کے تصدیق کیے بغیر کسی بھی شخص کو بلوچ یکجہتی کمیٹی کے نام پر چندہ نہ دیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کو بی وائی سی کی جانب سے چندہ کی آفیشل رسید ملے۔

دریں اثنا ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن نے ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بلوچستان چیریٹیز ایکٹ 2019 کے سیکشن 18 اور سیکشن 20 اور تعزیرات پاکستان کے تحت کسی بھی غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی تنظیم یا ادارے کو غیر قانونی طور پر چندہ جمع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر تمپ نے ڈپٹی کمشنر کیچ کے احکامات پر ایک نوٹیفکیشن میں بلوچستان چیئرٹیز ایکٹ 2019 سیکشن 18 کے تحت چندہ اکٹھا کرنے پر پابندی عائد کردی ہے اور چندہ جمع کرنے والے غیر رجسٹرڈ تنظیموں و ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ نوٹسز ایک ایسے وقت میں جاری کئے گئے ہیں جب بلوچ راجی مچی کے حوالے سے عوام کی طرف سے چندہ مہم میں حصہ لیا جارہا ہے ۔