جامعہ بلوچستان کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف سریاب روڈ کو احتجاجاََ بند کر دیا جس کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر ہوگیا، ملازمین نے صبح آٹھ بجے سے سریاب روڈ کو بلاک کیا-
ملازمین و اساتذہ کا کہنا تھا کہ تنخواہوں کا مستقل حل نہیں نکالا جارہا-
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر کا کہنا تھا کہ جامعہ بلوچستان صوبے کی مادری جامعہ ہے جہاں متعدد ملازمین، اساتذہ اور افسران تعینات ہیں، جن کی تنخواہیں ادا کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری اور اساتذہ کا بنیادی حق ہے لیکن یونیورسٹی کے ملازمین گذشتہ چار برسوں سے تنخواہیں احتجاج کر کے حاصل کرتے آ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں ملک بھر کی جامعات کیلئے بجٹ کے آغاز میں ہی رقم مقرر کرے تاکہ ملازمین کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جا سکے۔
آنہوں نے کہا صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے پر ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ جون تک کی تنخواہیں ادا کر دی جائیں گی لیکن تاحال تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، اساتذہ کلاسز کیلئے بنتے ہیں سڑکوںپر بیٹھنے کیلئے نہیں۔