شمالی وزیرستان: پاکستانی فورسز پر تین حملوں میں سات اہلکار ہلاک، چھ زخمی

249

پاکستان کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں تین مختلف واقعات میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے نتیجے میں سات اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق عسکریت پسندوں کے حملوں میں ایک اہلکار کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ زخمیوں کو بنوں کے فوجی اسپتال منتقل کر دیا ہے جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے فوری طور پر ان واقعات کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ البتہ شمالی وزیرستان کے سول، پولیس اور دیگر سیکیورٹی عہدیداروں نے عسکریت پسندوں کے حملوں کی تصدیق کی ہے۔

حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز پر پہلا حملہ تحصیل دتہ خیل کے علاقے حسن خیل میں ہوا جس میں پانچ اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک اہلکار لاپتا بھی ہو گیا ہے۔

دوسرا واقعہ شمالی وزیرستان کے دوسرے بڑے قصبے میر علی میں پیش آیا جہاں عسکریت پسندوں نے سیمان چیک پوسٹ پر جدید خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔

اس حملے میں حکام نے دو سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
حکام نے بتایا کہ تیسرا واقعہ میرعلی سب ڈویژن کے علاقے اسپین وام میں بارودی مواد یا بموں کو ناکارہ بنانے والے بم ڈسپوزل اسکواڈ پر ہوا جو کہ دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم سے کیا گیا تھا۔

اس حملے میں مالی اور جانی نقصان کے بارے میں مزید تفصیلات اب تک سامنے نہیں آئی ہیں۔