بلوچستان: فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جانبحق، ایک زخمی

262

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے واقعات میں دو افراد کو قتل کردیا گیا ہے جبکہ ایک شخص زخمی-

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی خان پولیس تھانہ خان کوٹ کی حدود میں مسلح افراد نے پرانی دشمنی کی بنا پر فائرنگ کرکے بشیر احمد پلال کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے، اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لیکر ہسپتال پہنچا دیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کر کے مزید کاروائی شروع کردی ہے۔

دوسری جانب دکی جھالار کے علاقے کلی گنڈیری میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے چرواہا جاں بحق ہو گیا-

دکی لیویز کے مطابق چرواہے کی شناخت رحیم بخش ولد مراد بخش قوم مری سکنہ کلی گنڈیری کے نام سے ہوئی، نامعلوم مسلح افراد فائرنگ کے بعد اپنی موٹرسائیکل بھی موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئے،

پولیس انتظامیہ کے مطابق واقعہ رشتے کے تنازعے کا شاخسانہ ہے علاوہ ازیں جانبحق چرواہے کی لاش کو ضروری کاروائی کیلئے سول ہسپتال دکی منتقل کردی گئی ہے-

دریں اثناء پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والا میر بالاچ خان نامی شخص زخمی ہوگیا، جنھیں زخمی حالت میں کراچی منتقل کردیا گیا-