مغربی بلوچستان: دو مختلف مقامات پر ایرانی فورسز پر حملے

465

مغربی بلوچستان کے علاقے زاہدان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایرانی فورسز کے دو اہلکاروں کو ہلاک کردیا جبکہ سوران میں بھی مسلح جھڑپ کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔

زاہدان میں واقعہ سرجنگل کے مقام پر پیش آیا ہے۔ جہاں مسلح افراد کے ساتھ جھڑپ میں کم از کم دو اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔

ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم نے ایک رپورٹ میں مسلح افراد کے ساتھ جھڑپ میں دو اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔ واقعہ کے بعد مزید فوجی دستے علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔ تاہم حکام نے حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

دوسری جانب مغربی بلوچستان کے علاقے سوران سے اطلاعات ہیں کہ ایرانی فورسز اور مسلح گاڑی سواروں کے مابین جھڑپ ہوئی ہے۔ تاہم اس جھڑپ میں ہونے والے نقصانات کے حوالے تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکے۔

خیال رہے کہ مذکورہ واقعے ایک ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب رواں ہفتے مسلح افراد نے مغربی بلوچستان کے علاقے چابھار اور راسک میں ایرانی فورسز کو بڑے نوعیت کے حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق سنی عسکریت پسند گروپ جیش العدل اور سیکورٹی فورسز کے درمیان چاہ بہار اور راسک شہروں میں جھڑپیں ہوئیں جھڑپوں کے دوران جیش العدل کے 18 حملہ آور مارے گئے ہیں جبکہ مقابلوں میں سیکورٹی فورسز کے مختلف یونیٹوں کے 11 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں-

جیش العدل نے ان حملوں میں ایران کے 200 کے قریب اہلکاروں کو ہلاک کرنے سمیت متعدد مقامات پر فورسز کیمپوں اور اسلحہ ڈپوں کو بھی قبضہ میں لینے دعویٰ کیا جبکہ اپنے 18 ساتھیوں کے مارے جانے کی بھی تصدیق کردی ہے-