عراق: فائرنگ سے خاتون ٹک ٹاکر ہلاک

290

عراقی ٹک ٹاکر غفران سوادی کو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا، واقعہ کا ویڈیو منظر عام پر آگیا۔

اُم فہد کی عرفیت سے معروف ٹک ٹاکر کو اس سے قبل ویڈیوز بنانے پر سزائے قید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

ام فہد کے قتل کی واردات سی سی ٹی وی کیمرے نے محفوظ کرلی۔ اُسے عراقی دارالحکومت بغداد کے مشرقی علاقے زایونا میں اُس کے گھر کے باہر گولی ماری گئی۔ اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔ ملزم کی شناخت اب تک نہیں ہو پائی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص موٹر سائیکل پر آتا ہے، موٹر سائیکل کی پارکنگ کے بعد وہ کار کی طرف دوڑتا ہے، اُس میں سوار ام فہد پر فائر کرتا ہے اور بھاگ نکلتا ہے۔

عراقی عدلیہ کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ام فہد کو نازیبا ویڈیوز اپ لوڈ کرنے پر 6 ماہ قید کی سزا بھی بھگتنا پڑی تھی۔ اس کے بعد بھی سوشل میڈیا اسٹار نے چُست لباس پہن کر پاپ میوزک پر رقص کی ویڈیوز اپ لوڈ اور شیئر کرنا ترک نہیں کیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ستمبر 2023 میں عراقی ٹک ٹاکر نور السفار کو بھی بغداد میں گولی مار دی گئی تھی۔ لوگ اسے نور بی ایم کی عرفیت سے زیادہ جانتے تھے۔ نور السفار بھی فیشن، ہیئر اسٹائل اور میک اپ سے متعلق شارٹ ویڈیوز بناکر شیئر کرتی تھی۔ چند ایک ویڈیوز میں وہ رقص بھی کرتی تھی۔