بلوچستان: 167 روڈ حادثات میں 538 متاثرہ خاندان | پہلی سہ ماہی رپورٹ

367

دی بلوچستان پوسٹ کی ڈیٹا ویژول اسٹوڈیو کے اعداد شمار کے مطابق 2024 کی پہلی سہ ماہی میں بلوچستان بھر میں ٹریفک حادثات کے باعث 538 خاندان متاثر ہوئے جبکہ رپورٹ ہونے والے حادثات کی تعداد 167ہے۔

بلوچستان میں ٹریفک حادثات تسلسل کیساتھ رونماء ہورہے ہیں، روزانہ مختلف نوعیت کے ٹریفک حادثات میں کئی افراد زخمی ہوتے ہیں وہی ایک بڑی تعداد میں لوگوں کی جانیں بھی ضائع ہوتی ہیں۔

پہلی سہ ماہی رپورٹ کے مطابق گذشتہ تین مہینوں میں ٹریفک حادثات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق مذکورہ حادثات میں 121 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 417 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں مستونگ میں 21 حادثات، بولان میں 14 حادثات، بیلہ میں 11 حادثات، تربت میں دس، گوادر، سوارب، سبی، کوئٹہ اور نوشکی میں 7 حادثات رپورٹ ہوئے۔

بلوچستان میں رونماء ہونے والے حادثات کی وجوہات میں گاڑیوں کی خستہ حالی، اوور لوڈنگ، کمزور مرئیت، ڈرائیوروں کی درست تربیت نا ہونا اور ڈرائیونگ لائسنس کا نہ ہونا، تیز رفتاری اور لاپروائی، لمبے سفر کے باعث نیند کی کمی اور منشیات کا استعمال شامل ہیں۔

ان وجوہات میں خستہ حال سڑکیں، تنگ اور سنگل لائن شاہراہیں، روڈ سیفٹی اور نیویگیشن اشارے کا فقدان شامل ہیں جبکہ بلوچستان میں کوئی ٹریفک انجنیئر موجود نہیں ہے۔